تعلیمی خدماتخدماتدینی مدارس

جامعہ المرتضیٰ چکوال

جامعہ المرتضیٰ چکوال کا قیام 1988 میں علامہ شیخ منظور حسین نجفی 7 کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ یہ ادارہ چکوال شہر کے محلہ کوٹ گنیش، خمینی چوک کے نزدیک واقع ہے۔ ادارے کے مدیر کے طور پر مولانا امیر ادیب صاحب نے ایک عرصے تک خدمات انجام دیں۔ 15 اگست 2022 کو ادارہ کی سرپرستی محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی 7 کے سپرد کی گئی۔ جامعہ کے مدیر جناب مولانا نعیم عباس نجفی صاحب ہیں۔ جامعہ میں کل پانچ مدرسین ہیں۔

تعلیمی نظام اور مراحل

جامعہ المرتضیٰ میں تعلیم کا آغاز مقدمات سے ہوتا ہے اور شرح لمعہ اول تک تدریس کی جاتی ہے۔ مدرسہ کے نصاب میں قرآن، حدیث، علم حدیث ورجال، عقائد، توضیح المسائل، سیرت، صرف و نحو، منطق، اصول فقہ اور علم فقہ، خطابت اور انگلش زبان جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔ جامعہ میں نہ صرف دینی علوم کی تعلیم دی جاتی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مختلف کورسز بھی فراہم کیے جاتے ہیں جیسے خطابت، کمپیوٹر کورسز اور انگریزی و عربی زبان کے کورسز کا باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے۔ مدرسے میں داخلے کے لیے بچے کا میٹرک پاس ہونا لازمی ہے، ساتھ ہی بچے یا والد کے شناختی کارڈ یا ب فارم کی کاپی، مقامی عالم دین کی تصدیق اور دو عدد تصاویر بھی جمع کروانا ضروری ہے۔

طلباء کرام کی تعداد

اس وقت جامعہ المرتضیٰ میں 22 طلباء زیر تعلیم ہیں اور اب تک 10 طلباء فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ فارغ التحصیل طلباء میں سے کچھ جامعہ الکوثر میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ بعض حوزہ علمیہ نجف جا چکے ہیں۔

مدرسہ کی خدمات اور اثرات

جامعہ المرتضیٰ کی خدمات صرف تعلیمی میدان تک محدود نہیں ہیں، بلکہ اس ادارے نے چکوال شہر اور گرد و نواح میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ادارے نے صرف دو سال کی مختصر مدت میں پانچ مساجد کی ذمہ داری سنبھالی ہے، جہاں جامعہ کے طلباء امامت کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، جامعہ کے زیر انتظام 10 سے زائد قرآن سینٹرز مختلف مقامات پر چل رہے ہیں، جن میں سے ایک سینٹر امام بارگاہ سر پاک میں ہے، جہاں بچوں اور بچیوں کی تعداد سو سے زائد ہے۔

محسن ملت کی سرپرستی اور ہدایات

محسن ملت 7 نے ہمیشہ اپنے طلباء کو دورِ حاضر کےعلوم سے بھی آشنائی پر زور دیا تاکہ وہ علمی طور پر محدود نہ رہیں اور معاشرتی ترقی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں۔ آپ نے طلباء کو ہمیشہ اپنی عزت نفس کی حفاظت اور اہمیت پر زور دیا اور فرمایا کہ کسی کے سامنے دست سوال دراز نہ کریں، صرف اللہ کے لیے کام کریں، وہ خود آپ کے لیے وسائل مہیا کرے گا۔ آپ نے طلباء کو یہ بھی نصیحت فرمائی کہ اگر آپ دوسروں کے مال پر نظر رکھیں گے تو آپ کی شخصیت نظروں سے گر جائے گی اور آپ کا علمی مقام بھی کم ہو جائے گا۔

جامعہ المرتضیٰ چکوال نے اپنی مختصر مدت میں نہ صرف دینی تعلیم کو فروغ کیا ہے، بلکہ اس نے سماجی خدمات کے ذریعے علاقے میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کی ہے۔ محسن ملت کی رہنمائی اور سرپرستی نے ادارے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور ان کی ہدایات آج بھی اس ادارے کے لیے رہنما اصول کی حیثیت رکھتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button