کلیة العباسG تحصیل بھوانہ ضلع چنیوٹ
مدرسہ کلیة العباسG، تحصیل بھوانہ، ضلع چنیوٹ کے دیہی علاقے میں واقع ہے اور جھنگ چنیوٹ روڈ کے ساتھ 9 کنال اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس مدرسے کی شاندار عمارت، ہوا دار رہائشی کمرے اور ایک خوبصورت مسجد اسے ایک ممتاز تعلیمی ادارہ بناتے ہیں۔ مدرسہ کا سنگِ بنیاد 1999 میں رکھا گیا، اور باقاعدہ تعلیمی آغاز مئی 2002 میں مفسر قرآن، علامہ شیخ محسن علی نجفی 7 کی سرپرستی میں ہوا۔ تب سے لے کر آج تک یہ ادارہ تعلیمات محمد و آل محمد D کی ترویج اور فروغ میں سرگرم عمل ہے۔ مدرسہ کا مدارس اہل بیتD اسلام آباد کے ساتھ الحاق اس کے وقار کا سبب ہے۔
تعلیمی نظام اور مراحل
مدرسہ میں تعلیم مروجہ درس نظامی کے مطابق ابتداء سے مرحلہ دوم، حصہ دوم تک ہوتی ہے، جس میں طلباء کو قرآن، حدیث، عقائد، توضیح المسائل، سیرت، صرف و نحو، منطق کی تعلیم دی جاتی ہے۔ مدرسہ میں طلباء کے لیے ایک بہترین لائبریری ہے۔ اس کے علاوہ، تقریری مقابلے بھی کروائے جاتے ہیں، اور صحت کی بہتری اور ورزش کے لیے والی بال کا گراؤنڈ بھی موجود ہے۔ ہفتہ وار شب جمعہ دعائیہ پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ مدرسہ علاقے میں قرآن سنٹر، پیش نماز، اور صاف پانی کی فراہمی کے علاوہ مومنین کے دکھ سکھ میں شریک ہونے کے لیے محافل اور مجالس کا انعقاد کرتا ہے۔
طلباء کی تعداد اور فارغ التحصیلان
اس وقت مدرسہ میں 40 طلباء زیر تعلیم ہیں، اور اب تک 25 طلباء فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ ان فارغ التحصیل طلباء میں کچھ عزیزان حوزہ علمیہ نجف اشرف، قم المقدس اور مشہد مقدس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ کچھ طلباء پاکستان میں مختلف جگہوں پر امام جماعت اور معلم کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
محسن ملت کی سرپرستی اور اثرات
محسن ملت، شیخ محسن علی نجفی 7 کی سرپرستی نے مدرسے کو ایک بلند مقام دیا۔ شیخ صاحب قبلہ ہمیشہ طلباء کو دین کی تبلیغ میں خلوص اور للہیت کو مدنظر رکھنے کی نصیحت کرتے تھے۔ آپ فرمایا کرتے تھے کہ علم دین حاصل کرنے میں توکل علی اللہ رکھنا چاہیے اور لوگوں سے امیدیں نہیں رکھنی چاہئیں۔ طلباء کی عزت نفس، اخلاقیات اور شخصیت سازی کے حوالے سے آپ کی ہدایات نے طلباء کی روحانیت مین مزید اضافہ کیا، اور ان میں نماز شب کی پابندی اور قرآن مجید کی تفسیر اور ترجمہ پڑھنے کی ترغیب پیدا کی۔