بنت الہدیٰ حفظ القرآن گرلز ماڈل سکول سکردو
بنت الہدیٰ حفظ القرآن گرلز ماڈل سکول، محسن ملت7 کی قرآنی خدمات کا ایک درخشندہ نمونہ ہے۔ یہ ادارہ سنہ 2006 میں بیٹا چیریٹیبل ٹرسٹ (Beta Charitable Trust)کے الحاج نسین والجی کے تعاون سے سکردو میں قائم کیا گیا۔ یہ ادارہ خطہ بلتستان میں لڑکیوں کی قرآنی تعلیم کا ایک منفرد اور جامع مرکز بن چکا ہے، جو پانچ سالہ (کلاس ششم سے دہم تک) پروگرام کے تحت طالبات کو قرآن مجید کی تعلیم دیتا ہے۔ مدرسہ کے پرنسپل جناب شیخ غلام محمد اعظمی دام عزہ ہیں۔
بنت الہدیٰ حفظ القرآن گرلز ماڈل سکول کا مقصد نہ صرف قرآن مجید کا حفظ کرنا ہے بلکہ طالبات کو قرآن کے مفہوم، ترجمے اور تفسیر کی تعلیم دے کر ان کی دینی اور اخلاقی تربیت کرنا ہے۔ ادارہ لڑکیوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ روحانی اور اخلاقی تربیت فراہم کرتا ہے تاکہ وہ نہ صرف علم میں بلکہ کردار میں بھی مثالی بنیں۔
نظام تعلیم اور نصاب
اس وقت ادارے میں ۲۰۰ طالبات زیر تعلیم ہے۔ اس ادارے کا نصاب اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ طالبات کو قرآن مجید کے حفظ کے ساتھ ساتھ اس کے معانی و مفاہیم سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ مدرسے میں روایتی حفظ، قواعد ناظرہ اور تجوید کے ساتھ ساتھ جدید تعلیمی طریقے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ نصاب میں قرآنی مقابلے، باقاعدہ تفسیر ترتیبی کی کلاسز اور عملی مشقیں شامل کی گئی ہیں جو طالبات کو قرآن کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
مدرسے کی کامیابیاں اور فارغ التحصیل حافظات
بنت الہدیٰ حفظ القرآن گرلز ماڈل سکول نے قرآنی تعلیم کے ساتھ ساتھ مروجہ تعلیم میں بھی شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ادارہ لڑکیوں کی تعلیم میں ایک ماڈل بن چکا ہے جس نے ثابت کیا ہے کہ لڑکیوں کی قرآنی تعلیم معاشرتی ترقی اور بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ادارہ کی فارغ التحصیل طالبات مختلف شعبوں میں اپنی مہارت کا لوہا منوا رہی ہیں۔
اس ادارے نے اپنے قیام کے بعد سے اب تک 264 حافظات تیار کی ہیں، جو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یہ فارغ التحصیل طالبات 33 مختلف فیلڈز میں کام کر رہی ہیں، اور کئی طالبات نے میڈیکل، ایم فل، پی ایچ ڈی اور حوزہ ہائے علمیہ میں بھی تعلیم حاصل کی ہے۔ ادارہ گلگت بلتستان کے ٹاپ 5 تعلیمی اداروں میں شامل ہے اور طالبات نے مروجہ میٹرک سطح کے امتحانات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
محسن ملت کی ہدایات اور تربیت
آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی 7 کی دوراندیشی اور قرآنی معاشرتی تشکیل کی کوششوں کا اثر آج بھی اس ادارے میں نظر آتا ہے۔ آپ کی زیر سرپرستی، اس ادارے نے ہمیشہ خواتین کی تعلیم و تربیت کو اہمیت دی اور اسے معاشرتی ترقی کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا۔ آپ کی تعلیمات اور رہنمائی کی وجہ سے ہی اس کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
بنت الہدیٰ حفظ القرآن گرلز ماڈل سکول سکردو نے خطہ بلتستان میں لڑکیوں کی قرآنی اور عصری تعلیم کا ایک مضبوط مرکز قائم کیا ہے۔ یہ ادارہ لڑکیوں کو نہ صرف دینی تعلیم فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں اخلاقی، روحانی اور معاشرتی طور پر بھی تیار کرتا ہے۔ ادارہ میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات اب مختلف شعبوں میں اپنے علم اور کردار کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور معاشرتی بہتری میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ اس ادارے کی کامیابیاں شیخ محسن علی نجفی 7 کی قرآنی تعلیمات اور وژن کا ثبوت ہیں۔