تصانیف و تالیفات

محنت کا اسلامی تصور

کتاب کا نام: محنت کا اسلامی تصور
موضوع: اقتصادیات
مصنف: مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی قدس سره
ناشر: معراج کمپنی اردو بازار لاہور
سال اشاعت: ۱۹۸۳
زبان: اردو
تعداد صفحات:

دور حاضر میں عالمی استکبار محنت کے اسلامی تصور کو جھٹلانے اور اس غلط تاثر کو باور کرانے کے درپے ہے کہ اسلام میں جدید اقتصادی مسائل کا حل موجود نہیں حالانکہ اسلام دین فطرت ہے اور اسلام میں محنت کی عظمت، اہمیت اور ضرورت جس حسین فطری انداز میں بیان ہوتی نظر آتی ہے اس کی نظیر کسی اور نظام میں نہیں ملتی۔
کتاب محنت کا اسلامی تصور میں یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام اور اشتراء کی نظام معیشت سے مرعوب ہوئے بغیر پورے اعتماد کے ساتھ اسلام کے اقتصادی نظام سے آگاہ ہو کر اقتصادی آسودگی حاصل کی جاسکتی ہے۔
مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام عزہ نے نہایت آسان، عام فہم اور مدلل اسلوبِ بیان اپناتے ہوئے محنت کے اسلامی تصور پر سیر حاصل بحث کی ہے اور دنیا کو در پیش اقتصادی مسائل کا قابلِ عمل حل پیش کیا ہے۔
کتاب کی تالیف کا سبب
مؤلف محترم کتاب کے افتتاحیہ میں لکھتے ہیں: اس ارض معمورہ کی آبادی اور موجودات زندہ کی حیات کا راز محنت میں مضمر ہے۔ محنت ہی سے چمن حیات میں زینت اور چہرۂ فطرت پر بشاشت آتی ہے۔ محنت سے اس عریاں سر زمین کو حجاب اور اس کی بے رونقی کو آب و تاب ملتی ہے۔ محنت ہی سے بازار کائنات میں چہل پہل ہے اور اس سے یہ دنیا متحرک اور زندہ ہے۔
خالق کائنات نے بھی کسی ایسے جاندار کو خلق نہیں فرمایا جو بلا محنت روزی حاصل کرتا ہو۔ اس نے ہر زندہ مخلوق کی خلقت کے ساتھ محنت کرنے کا فطری محرک اس کے وجود میں ودیعت فرما دیا ہے۔ اس فطری ہدایت اور الٰہی رہنمائی کے تحت ہر ذی حیات اپنی روزی تلاش کرنے کے لیے محنت کرتا ہے اور ہر ذی روح اپنی ذات کے ساتھ محبت کرتا ہے اور اسی ذات کے تحت اپنے آپ کو زندہ رکھنا چاہتا ہے۔
زندگی روزی پر موقوف ہے اور روزی محنت پر موقوف ہے۔ اسی لیے ہر زندہ، زندگی کی خاطر محنت کرتا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حیات اور محنت لازم و ملزوم ہیں۔اگر محنت نہ ہوتی تو اس کائنات میں کوئی رونق نہ ہوتی۔ محنت نہ ہوتی تو یہاں جمود و سکوت کے سوا کچھ نہ ہوتا۔اسلام دین فطرت ہے اور خالق فطرت کا پسندیدہ نظام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام نے محنت کی عظمت، اہمیت اور ضرورت کو جس حسین فطری انداز میں روشناس کرایا ہے وہ اپنی مثال نہیں رکھتا۔
فکری استقلال اور خود مختاری سے محروم اور اغیار سے مرعوب آج کے مسلمان عمومی طور پر بہتر نظام کی تلاش میں مغرب و مشرق کا رخ کرنے کو فخر سمجھتے ہیں۔ وہ بے خبری کی اس تاریکی میں اغیار پرستی کو روشن خیالی سمجھتے ہیں۔ ظلم و استحصال کے خلاف اگر کوئی اور ظالم آواز اٹھائے تو اس کی طرف لپکتے ہیں مگر خود اپنے پاس ظلم اور استحصال کے خلاف جو عظیم فکری سرمایہ موجود ہے اس کی طرف دھیان نہیں دیتے۔ ہم فکری استقلال سے اس قدر دور ہٹ چکے ہیں کہ اس وقت مسلمانوں کا موضوع سخن صرف یہ ہے کہ اسلام کا نظام، سرمایہ دارانہ ہے یا اشترا کی؟ ان دونوں سے ہٹ کر ہم استقلالی طور پر اسلامی مصادر و مآخذ سے یہ سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کرتے کہ سرمایہ داری قلم و استحصال اور اشتراکی قید و بند سے بالا تر ہمارا اپنا عادلانہ نظام بھی ہے۔
اس مختصر سی کتاب میں ہم نے مقدور بھر یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ان دونوں متضاد نظاموں سے مرعوب ہوئے بغیر اسلام کی طرف رجوع کیا جائے تو اسلام ہمیں کیا نظام اور کیا فکر دیتا ہے؟ اس میں محنت کے بارے میں مارکسزم اور کپیٹلزم کے نظریات اور اسلامی نظریے کا تقابلی جائزہ لیا گیا ہے تا کہ ہماری نئی نسل کو کسی فکر کے قبول کرنے یا اسے مسترد کرنے کا موقع مل سکے کیونکہ کسی فکر اور نظریے کا اس کے تمام پہلوؤں سے مطالعہ کرنے سے پہلے نہ قبول کرنے کا حق پہنچتا ہے اور نہ مسترد کرنے کا۔
ہمارے نوجوان اور پڑھا لکھا طبقہ بالعموم اس وقت نہ تو اسلامی افکار و نظریات سے بخوبی آگاہ ہے نہ اغیار کے نظریات و افکار سے۔ اس دو طرفہ لاعلمی کی وجہ سے وہ ان کے کھو کھلے نعروں سے متاثر ہو رہا ہے۔اس کتاب کی ضرورت کا ایک پہلو یہ ہے کہ ایک عرصے سے ہمارے دیندار نوجوانوں کا تقاضا تھا کہ دین کے بارے میں ہماری ذاتی فکری تسکین کے علاوہ اسلام کے معاشرتی پہلوؤں پر اردو میں ایسے لٹریچر کی بھی ضرورت ہے جو فکر و نظر اور دلیل و برہان کی بنیاد پر اسلامی نظریات اور اسلام کی عظمت ثابت کرنے کے لیے کار آمد ہو۔ اس لیے ہم نے تحریر و تسطیر کا یہ سلسلہ شروع کیا ہے اور اس کے لیے ایسے موضوعات کا انتخاب کیا ہے جو دور حاضر کی واقعی ضرورت ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ شعور و فکر کی طرف مائل اذہان اس سے بھر پور استفادہ کریں گے۔
خدا تعالی ہمیں توفیق دے کہ ہم پرچم اسلام کی سربلندی کے لیے اس کی عطا کردہ صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ مستفیض ہو سکیں۔
کتاب کے اہم عناوین
اسلام میں محنت کا مقام، محنت کی اقسام،اسلام میں محنت کی اہمیت،آیات قرآن کی روشنی میں، احادیث کی روشنی میں، محنت نہ کرنے والے کی دعا قبول نہیں ہوگی، محنت اور احکام، احکام کی قسمیں،محنت اور قیمت کا تعین، آدم سمتھ کا نظریہ، ریکارڈد کا نظریہ، کارل مارکس کا نظریہ، سرمایه دارانه نظریه، مارکسی نظریے کا تنقیدی جائزہ،سماجی محنت، سرمایہ دارانہ نظریے کا تنقیدی جائزہ،مارکس کا نظریہ، اسلامی نظریه، مارکسی نظریے کا تنقیدی جائزہ، محنت اور ملکیت، پیداوار، محنت اور ملکیت، ملکیت کے فرعی اسباب، تصرفی محنت، پیداواری محنت،فکری محنت، محنت اور سرمایہ ، مضاربہ،زراعت کی اہمیت، زراعت کی فضیلت،حکومت اور زراعت، حکومت کا کاشتکاروں کے ساتھ کیسا سلوک ہونا چاہیے،زمین کی آباد کاری، ایک اعتراض کا جواب،محنت کشوں کے حقوق، سرمایہ دارانہ نظام میں،کمیونزم میں، اسلام میں، احادیث، انفرادی ملکیت ،
کتاب کی اشاعت
یہ کتاب جامعہ اہل البیت اسلام آباد کی پیشکش ہے۔ اس کا پہلا ایڈیشن 1983ء، دوسرا ایڈیشن 1987ء، تیسرا ایڈیشن دسمبر 2015 ء میں معراج کمپنی لاہور نے شائع کیا اور چوتھا ایڈیشن نومبر2024ء جامعۃ الکوثر نے شائع کیا۔

ڈاؤن لوڈ کریں

آن لائن پڑھیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button