پاکستان انٹرنیشنل یونیورسٹی
آیۃ اللہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ نے اس بات کو بہت پہلے محسوس کیا تھا کہ ہمارے تعلیمی نظام میں دینی اور عصری تعلیم کا ایک توازن قائم کرنا ضروری ہے، تاکہ علم کا حقیقی مقصد یعنی طلباء کی علمی، روحانی ، اخلاقی اور جسمانی تعمیر و ترقی ، حاصل ہو سکے۔ اسی مقصد کے تحت اسوہ ایجوکیشن سسٹم کا آغاز کیا گیا، جو دینی اور عصری تعلیم کے درمیان موجود فرق کو ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اب وہ وقت آچکا تھا کہ ایک ایسی یونیورسٹی قائم کی جائے جو جہاں پر عالمی معیار کے مطابق تعلیم دی جائے اور غیر منطقی تفریق کا بھی خاتمہ ہو۔
چنانچہ ان کے اس خواب کی تعبیر اسلام آباد میں 480 کنال پر مشتمل "پاکستان انٹرنیشنل یونیورسٹی "کی شکل میں دنیا کے سامنے نمودار ہوا جس کا سنگ بنیاد انہی کے دست مبارک سے2023 میں رکھا گیا جو بحمد اللہ بہت تیزی سے اپنے ارتقائی مراحل کو طے کر رہی ہے۔
مقاصد
اس یونیورسٹی کا مقصد صرف دنیاوی علوم میں ماہر فارغ التحصیل طلباء پیدا کرنا نہیں بلکہ انہیں اخلاقی قدریں اور دینی تعلیمات بھی فراہم کرنا ہے۔آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کا خواب تھا کہ ہمارے طلباء نہ صرف دنیا کے مختلف شعبوں میں کامیاب ہوں بلکہ اسلامی اصولوں کے مطابق تربیت حاصل کریں، تاکہ وہ عالمی سطح پر اسلام اور مذہب اہل بیت کی درست منظر کشی کی جا سکے اور مسلمان پھر سے عظمت رفتہ کو پا سکیں۔
اس ادارے کا ایک اہم مقصد ایک ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جو دینی اور عصری علوم کو یکجا کرے اور طلبہ کو علمی اور اخلاقی طور پر بہتر انسان بنائے۔ اس مقصد کی تکمیل کے لیے یونیورسٹی کی منظوری کے بعد مختلف تعلیمی پروگرامز شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جن میں جدید ترین شعبے جیسے ڈیٹا سائنس، ارٹیفیشل انٹیلیجنس، اور ہیلتھ پروگرامز نمایاں ہیں۔
اس وقت یونیورسٹی کی حدود میں ایک تعلیمی بلاک، ایک مسجد اکیڈمک بلاک، اور ایک قرآن انسٹیٹیوٹ زیر تعمیر ہیں۔