تبلیغی خدماتخدمات

کانفرنسز کا انعقاد

آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی 7نے قومی مسائل کے حل اور تبلیغ دین کے میدان میں رہنمائی کے لیے نہایت اہم اور خاطر خواہ اقدامات فرمائے۔ ان اقدامات میں سے ایک بڑی خدمت قومی سطح پر مختلف عظیم الشان کانفرنسز کا انعقاد تھا، جن کا مقصد ملت کے اہم مسائل پر توجہ دلانا اور اتحاد بین المومنین و مسلمین کو فروغ دینا تھا۔ ان کانفرنسز میں ”تحفظ و فروغ عزاداری کانفرنس“ (۲۵ اگست ۲۰۱۹، امام بارگاہ بوستان زہرا، فیصل آباد)، ”بشارت عظمیٰ کانفرنس“، اور ”علماء و ذاکرین کانفرنس برائے تحفظ حقوق مکتب تشیع و تحفظ عزاداری“ (۲۳ ستمبر ۲۰۲۳، مسجد وامام بارگاہ الصادق، کراچی کمپنی، اسلام آباد) شامل ہیں، جن میں ملک بھر سے علماء، ذاکرین اور خطباء کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ آپ کی ان کوششوں کو قومی سطح پر قوم کے ہر طبقہ کی طرف سے سراہا گیا اور کانفرنس سے خطاب کرنے والے علماء وخطباء نے محسن ملت قدس سرہ کے اس قدم کو وقت کی ضرورت قرار دیا ۔ علاوہ ازیں اتحاد امت کانفرنس، علماء و مشائخ کانفرنس 2019، علماء اسلام کانفرنس 2017، سیرت سیدہ کانفرنس 2022، سلسلہ وار تعلیمی و تربیتی کانفرنس2019، امام جعفر صادق کانفرنس 2023، نہج البلاغہ کانفرنس 2022، فاطمہ سبیل نجات کانفرنس 2023 سمیت بہت سے اہم کانفرنسز جامعۃ الکوثر میں بھی منعقد ہوئیں۔

فہم دین سمپوزیم: سیمینارز پیغام عام کرنے کے لئے مؤثر ذرائع میں سے ایک ہیں۔ جامعۃ الکوثر ملک بھر میں سالانہ سیمینارز منعقد کرتی ہے جن میں ملک بھر کے معروف علماء اور اساتذہ مدعو کیے جاتے ہیں۔ ہر سمپوزیم کے موضوعات تین اقسام میں تقسیم کیے جاتے ہیں: عقائد، اخلاقیات، اور اسلامی قوانین۔ ترجیح ان علاقوں کو دی جاتی ہے جو دور دراز اور دینی آگاہی سے محروم ہیں۔ پہلا سیمینار 2006 میں چنیوٹ میں منعقد ہوا اور 20۲4 تک 200 کے قریب سیمینارز منعقد کیے گئے۔

ان کانفرنسزاور سمپوزیم کا بنیادی مقصد مظلوم کربلا کے پیغام ، حق کی پاسداری اور باطل سے بیزاری کےاصولوں کو اجاگر کرنا، اور عزاداری امام حسین علیہ السلام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ان پروگرامز میں اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے مؤثر پیغامات دئیے جاتے ہیں اور تبلیغ دین کے فرائض کو احسن طریقے سے جاری رکھنے کا عزم دہرایا جاتا ہے۔ ان اجتماعات نے قوم کے اندر دینی شعور بیدار کرنے اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

Related Articles

Back to top button