تصانیف و تالیفات

تَلخیصُ المنطِق

شیخ محمد رضا مظفر کی کتاب "المنطق” عربی زبان میں لکھی گئی ہے جو "منطق مظفر” کے نام سے مشہور ہے۔ یہ علم منطق کی مشہور ترین درسی کتاب ہے۔ یہ کتاب بطور نصاب لکھی گئی ہے لہذا ایران و عراق اور دیگر ممالک کے شیعی دینی مدارس میں پڑھائی جاتی ہے اور سابقہ نصابی کتب کی نسبت بہت سی خوبیوں کی حامل ہے۔ سادہ اور واضح ابواب بندی، روان و سلیس عربی اور عام فہم مثالیں اس کتاب کی خوبصورتی ہیں۔ اس کتاب کی اہمیت کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ جو بھی علم منطق سیکھنا چاہتا ہے اُس کے لیے یہ کتاب ابتدائی نصاب کے طور پر پڑھائی جاتی ہے۔ یہ کتاب نہ فقط ایران و عراق کے دینی مدارس میں پڑھائی جاتی ہے بلکہ ایران کی بہت سی یونیورسٹیوں نے بھی اسے اپنے نصاب میں جگہ دی ہے۔ اس وجہ سے اس کتاب کی بہت سی شرحیں بھی لکھی گئی ہیں اور اس کی تلخیص بھی کی گئی ہے۔ دینی طلاب کی اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے مفسر قرآن شیخ محسن علی نجفی 7 نے بھی اس کی تلخیص کی ہے۔ چونکہ شیخ صاحب مرحوم ایک کہنہ مشق مدرس تھے اور ایک عرصے سے دینی طالب علموں کو درس پڑھا رہے تھے لہذا اُن کے قلم سے اس اہم کتاب کی تلخیص بہت اہمیت رکھتی ہے۔ شیخ محسن علی نجفی 7 "تلخیص المنطق"کے ابتدائیے میں لکھتے ہیں:
کتاب (منطق)، جسے شیخ المظفر نے لکھا ہے، فن منطق کی کتابوں میں سے ایک بہترین کتاب ہے۔ ۔۔ لیکن اس میں کچھ ایسی چیزیں بھی ہیں جن کی طالب علم کو علمی زندگی میں ضرورت نہیں پڑتی۔ ۔۔۔ارسطو کی منطق استدلال کے شعبوں میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ کچھ کا تعلق علم اور استدلال کے شعبوں سے ہے جن کی طالب علم کو ضرورت پڑتی ہے۔ ہمیں منطق کی ضرورت کے مطابق اس کا خلاصہ کرنے اور ان کا موازنہ کرنے کے لیے عصری بنیادوں کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔روز بروز بدلتے ہوئے حالات میں زندگی گزارنے والے نوجوانوں کے لیے اب یہ ضروری ہے کہ ہم انہیں جدید ذرائع سے مسلح کریں تاکہ وہ فکری و نظریاتی تصادم کے میدانوں میں داخل ہوں اور تخریبی محاذوں کا مقابلہ کریں۔
یہ کتاب ربیع الثانی ۱۴۴۲ھ میں جامعہ الکوثر اسلام آباد کی جانب سے شائع کی گئی ہے۔ یہ دینی طلاب اور علم منطق سے شغف رکھنے والوں کے لیے بہترین تحفہ ہے۔

Related Articles

Back to top button