قرآن مجید کا معرکۃ الآرا ترجمہ جس میں ایک طرف ادبی جہات کو تاحد امکان مد نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ متن قرآن اور پیغام قرآن کو دقیق انداز میں منتقل کرنے کی پوری کوشش کی گئی ہے اور دوسری طرف سے قاری کو تحت اللفظی ترجمے کے شکنجے میں قید نہیں کیا گیا ہے اور یہ دونوں باتیں اس ترجمے کے حسن کو چار چاند لگاتی ہیں۔ اس ترجمے کی ایک خاص بات ہر صفحے کے حاشیہ پر تفسیری نکات کا ذکر کیا جانا ہے۔ ہر صفحہ پر ترجمے سے متعلقہ تفسیری مطالب کو خلاصہ کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔ پرنٹ کے علاوہ یہ ترجمہ ویب سائٹ اور موبائیل ایپ کی صورت میں بھی پیش کیا گیا ہے۔
اردو دان طبقے کے لیے الکوثر فی تفسیر القرآن کے نام سے ایک علمی شاہکار۔ اس تفسیر کا سلوب ’’ترتیبی‘‘ ہے یعنی شروع سے لے کر آخر تک قرآنی آیات کی تفسیر کو ترتیب سے بیان کیا گیا ہے۔ اس تفسیر میں جہاں پر دقیق علمی ابحاث کو منطقی و برہانی انداز میں بیان کر کے علمی حلقوں کی ضروریات کو پورا کیا گیا ہے وہیں پر انداز بیان کی سلاست اور آسان فہم تحریر اپنا کر کے عوام الناس کو تفسیر قرآن تک بہترین انداز میں دسترسی کا موقع دیا گیا ہے۔ تفسیر الکوثر کے نام سے یہ تفسیر القرآن دس جلدوں پر مشتمل ہے اور ویب سائٹ اور موبائیل ایپ کی صورت میں بھی پیش کی گئی ہے۔