
انسان اور کائنات میں اللہ کی تجلّی
کتاب کا نام: انسان اور کائنات میں اللہ کی تجلّی
موضوع:
مصنف: علامہ شیخ محسن علی نجفی قدس سره
ناشر: جامعہ الکوثر اسلام آباد
سال اشاعت: ۲۰۱۷
زبان: اردو
تعداد صفحات: ۲۱۴
اللہ سبحانہ وتعالی نے کائنات اور انسان کے وجود میں عظمت الٰہی اور خالقیت الٰہی کے بے شمار دلائل ودیعت فرمائے ہیں اور ان دلائل کو سمجھنے کے لیے عقل و فطرت کی قوت عطا فرمائی ہے۔ دلائل طاقتور ہیں اور ان دلائل کو سمجھنے والی عقل بھی طاقتور ہے۔ ان دونوں طاقتوں کی اللہ سبحانہ وتعالی کی طرف سے فراہمی کے بعد انسان پر اللہ کی حجت پوری ہو جاتی ہے۔
زیر نظر کتاب میں ان دونوں قوتوں یعنی آفاق و انفس میں دلائل کی قوت اور عقل و فطرت میں انہیں درک کرنے کی قوت کے وجود پر بحث کی گئی ہے۔
آفاق و انفس یعنی کائنات اور انسانی وجود میں موجود دلائل توحید پر انسان بیرونی عوامل کے زیر اثر آئے بغیر اپنے ضمیر اور وجدان سے سرگوشی کرے اور مظاہر قدرت میں غیر جانبدار ہو کر غور کرے تو اسے کائنات کے ہر ذرے اور اپنے نفس کی ہر جنبش و خلیے میں اللہ تعالی کی تجلیات دیکھنے کو ملیں گی۔
حدیث پر توجہ فرمائیں رسول اللہ سے روایت ہے: ”من عرف نفسہ فقد عرف ربہ“۔جس نے اپنے نفس کو پہچانا اس نے اپنے رب کو پہچان لیا۔
علامہ شیخ محسن علی نجفی7 کتاب کے ابتدائیہ میں لکھتے ہیں: انسان کا اپنے اور اس کائنات کے بارے میں عموماً ایک موقف ہوتا ہے:
۔ میں اس دنیا میں کس لیے ہوں ؟
۔ مجھے کسی نے بھیجا ہے یا میں اتفاقاً یہاں ہوں؟
۔ مجھے یہاں کیا کرنا ہے ؟
۔ کیا میری زندگی کا کوئی مقصد ہے ؟
۔ مرنے کے بعد کیا ہوگا؟
۔ کیا میں نیست ونابود ہو جاؤں گا یا کوئی اور زندگی میرے انتظار میں ہے ؟
یہاں دو موقف ہیں:
الحادی موقف
ایمانی موقف
اس کتاب میں انہی دونوں موقفوں کی تفصیل ذکر کی گئی ہے۔
۱۔فطرت:
اس بحث میں فطرت کی لفظی وحقیقی تعریف،انسانی خصلتیں،غریزہ، فطریات کی اقسام، فطرت مخالف قوتیں، قرآن اور اپنی فطرت، جسم کے چار قدرتی ارکان ،فطری وغیرفطری میلانات میں فرق،برہان فطرت، برہان امکان، دین ایک اخلاقی ضرورت، دین ایک نفسیاتی ضرورت، ثابت قوانین اور متحرک قوانین، ایمان کے اثرات اور راز حیات جیسے عناوین کے تحت سیر حاصل بحث کی گئی ہے۔ یہ مطالب جہاں انسان اخلاقی تربیت کے لیے اہم ہیں وہاں انسان کے حس تجسس کو بھی سیراب کرتے ہیں۔
۲۔کائنات:
کائنات کی ابتدا ورا نتہا، سائنسی نظریات پر قرآن کی تطبیق، سورج ،زمین، بادل، چاند، فضا ئے ارضی اور نباتات میں اللہ کی آیات، حیوانات ونباتات میں تبادلہ حیات ، نباتات کی حیات بخش خدمات، ایک درس توحید، پانی اور مٹی، جیسی ابحاث پیش کی گئی ہیں جو بہت اہم معلومات فراہم کرتی ہیں ۔
۳۔اتفاقیت:
اس بحث میں مسئلہ حیات،اتفاقیت،مادے کی خاصیت،نیچر(فطرت) دلیل توحید، نیچر اور تنظیم، پلازما کی خدمات، حرکت قلب، یاد، دماغ، عقل اور نظریۂ ارتقا کے بارے میں دلچسپ دلائل کے ساتھ ثابت کیا گیا ہے کہ اس کائنات اور اس میں بسنے والی تمام مخلوقات کا وجود اتفاقی نہیں ہے ،بلکہ اس کے پیچھے ایک مدبر ہستی کی تدبیر کارفرما ہے جو اس نظام کو چلارہی ہے۔
۴۔دنیائے خلیات:
اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ تعالیٰ کا عظیم ترین معجزہ انسان کی تخلیق ہے۔ خلیات کی دنیا انسان کی توجہ اسی عظیم معجزے کی طرف مبذول کراتی ہے۔ اس بحث میں مؤلف محترم نے شعبہ ٔ پاور پلانٹ، شعبہ کیمیکل، شعبہ ہدایت ورہنمائی، ڈی این اے، شعبہ جینز، شعبہ ٔ پیغام رسانی، شعبہ ٔ مواصلات نظام، خلیے کے تخلیقی معجزات، عصمت نسواں، جنس کا تعین، عالم اصغر کی تخلیق، خلیے کی قدرتی شناخت، ہارمونز ،جگر کی شعوری خدمات، معدے کے خلیوں کا حیرت انگیز شعور،خلیو ں کا مواصلاتی نظام، گردوں میں نظام فشار خون، خون کی صفائی، مثانہ ،پھیپھڑے، ریڑھ کی ہڈی، ہاتھ، پاؤں، ناک، دانت، آب دہن، حلق، معدہ، آنتیں، جسم کے بال، جسم میں خون کی گردش، دل، لبلبہ، نفس پر حاکمیت، حیوانات، شہد کی مکھی اور مچھلیوں کی قوت ِدید جیسی دقیق سائنسی ابحاث کا قرآنی آیات وروایات معصومین D کی روشنی میں ذکر کیا گیا ہے۔
۵۔الحاد کے محرکات:
کائنات کے بارے میں ناقص نظریات کی بنیاد اس سادہ بات پر رکھی گئی اور یہ سمجھا گیا کہ:”حیات اتفاقاً وجود میں آگئی ہے “۔
اس الحادی سوچ کے نو اسباب ذکر کیے گئے ہیں:
۱۔اللہ کے بارے میں غلط تصور،
۲۔جہالت،
۳۔پرانے نظریات کا خرافات ثابت ہونا،
۴۔چرچ کی درندگی،
۵۔اقتصادی نظریات،
۶۔سرمایہ دارانہ نظام،
۷۔الحادی نظریات کی طاقت،
۸۔یورپ کے مقابلے میں عالم اسلام کی شکست،
۹۔جدید طرز زندگی۔
الحاد کے اثرات:
۱۔بے چینی ،بے سکونی، ۲۔ذاتی و شخصی مفاد پرستی، ۳۔جرائم پیشہ معاشرے
اس کے علاوہ مغربی تمدن، حقائق کا مسخ ہونا، مغربی تمدن میں زندگی سے مایوسی، ازدواج وطلاق، جدید تمدن اور کرۂ ارض کا المیہ، کوڑ، ہوا کی آلودگی، اوزون کا سوراخ، درجہ حرارت میں اضافہ، جنگلات کی تباہی، پانی کی آلودگی جیسی بحثیں پیش کی گئی ہیں۔
۶۔عالم اسلام کی علمی خدمات:
کتاب کی آخر فصل میں عالم اسلام کی سائنسی وعلمی خدمات کا ذکر کیا گیا ہے اور مسلمان علماء وسائنس دانوں کی خدمات کی تاریخ بیان کی گئی ہے جنہوں نے اس وقت کائنات کے رازوں سے پردہ اُٹھانے میں پوری انسانیت کو بنیادیں فراہم کی ہیں جب مغربی دنیا جہالت کی تاریکی میں ہاتھ پاؤں مار رہی تھی۔ پھر یہ ثابت کیا گیا ہے اسلام ہی دنیا کا سب سے بڑا دین ہے۔ اسی طرح آخر میں اسلامی فتوحات اور صلیبی جنگوں کاایک موازنہ پیش کیاگیا ہے۔
یہ کتاب کائنات کے بارے میں قرآن وحدیث کی روشنی میں معلومات کا گرانقدر ذخیرہ ہے جو اس قسم کے موضوعات سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بہترین علمی مواد فراہم کرتی ہے۔
یہ کتاب ۲۰۱۷ء میں ۲۱۴ صفحات کے ساتھ جامعہ الکوثر اسلام آباد کی جانب سے شائع کی گئی ہے۔